سیاسی ڈائری، مارچ نے عمران نیازی کی سیاسی حیثیت کی قلعی کھول دی

01 جون ، 2022

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) مارچ نے عمران نیازی کی سیاسی حیثیت کی قلعی کھول دی ہے،جیل کی سلاخوں کے عقب جانے سے بچ رہنے کے لئے عمران ہر جتن کررہے ہیں، دھرنے اور لانگ مارچ میں مہارت نامہ رکھنے کے داعی عمران نیازی گزشتہ ہفتے کی اپنی ناکام مہم جوئی کے حوالے سے نوع بنوع تاویلات پیش کر رہے ہیں۔ یہ طے ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کو ٹکڑوں میں تقسیم کر دیا ہے اس مہم کے دوران وقوع پذیر ہوئے واقعات نے ملکی سلامتی اور یکجہتی کو بھی گزند پہنچائی ہے، جب عمران نیازی کو علم ہوگیا تھا کہ ان کے ساتھی مسلح ہیں تو وہ انہیں قانون کے حوالے کرنے کی بجائے اپنا مارچ ختم کر کے وفاقی دارالحکومت میں پھیل جانے کا موقع فراہم کرنے کے مرتکب کیوں ہوئے ہیں ۔ عمران نیازی جس مرضی ادارے کا دامن پکڑیں انہیں 25 مئی اور اسکے اردگرد انجام دی گئی اپنی کارروائیوں کا حساب دینا پڑے گا۔ اب وہ جہاں بھی دیکھے گئے دبوچ لئے جائینگے کوئی معجزہ ہی انہیں اس مرتبہ پابند سلاسل ہونے سے بچا سکے گا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انکی گرفتاری اَزبس ضروری ہوگئی ہے تو انہیں اپنی بنی گالا کی اقامت گاہ یا زمان ٹائون لاہور میں نظربند کر دیا جائے ،ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ وہ مختصر مدت کیلئے بیرون ملک چلے جانے کی تجویز کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ مارچ اور دھرنا فی زمانہ اَزحد مہنگے ہو چکے ہیں، یہ ہزاروں، لاکھوں نہیں کروڑوں بلکہ بعض حالتوں میں اربوں کے اخراجات کا معاملہ ہے جس کیلئے سرمایہ کاری کرنا اور پھر اسے تحفظ فراہم کرنا بچوں کا کھیل نہیں۔