سٹاک مارکیٹ انڈیکس میں اضافہ بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں گر گئیں

01 جون ، 2022

لاہور (سودی) گزشتہ روز بھی سٹاک مارکیٹ میں دن بھر اتار چڑھائو جاری رہا، آخر میں بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی تھی جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت میں معمولی اضافہ ہوا۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا پھرمندا اور اس کے بعد آخر تک اتار چڑھائو جاری رہا۔ اس دوران انڈیکس میں 302پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 23پوائنٹ کی کمی بھی۔ گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال نمایاں تھی اور سرمایہ کار کوئی بھی بڑی پوزیشن لینے سے گریز کرتے رہے۔ ان کا موقف تھا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے ہونے کے بعد ہی نئی خریداری شروع ہو سکتی ہے، اسی طرح مارکیٹ میں آنے والے نئے قومی بجٹ سے متعلق بھی قیاس آرائیاں ہوتی رہیں کہ اس کا مارکیٹ پر منفی اثر آئے گا یا یہ مثبت زون میں داخل ہو جائے گی۔ حالیہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور اب بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ بھی مارکیٹ پر اثر انداز تھا۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزیداضافہ اور آنے والی پرافٹ ٹیکنگ نے بھی مارکیٹ کو متاثر کیا جبکہ مثبت عناصر میں ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر بڑھنا اور سیاسی سرگرمی میں کمی شامل تھے۔ گزشتہ روز میوچل فنڈز، نجی سرمایہ کاروں، بروکروں اور انشورنس کمپنیوں کی نیٹ سیل تھی جبکہ آرگنائزیشنز، بینکوں اور بیرونی فنڈز نے نیٹ خریداری کی۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 38پوائنٹ کے اضافہ سے 43078پر آ گیا۔ 147کمپنیوں میں اضافہ، 173میں کمی، 24میں استحکام رہا۔ 28کروڑ 53لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔