عوامی شکایات کو45دن میں نمٹایا جائے :محتسب پنجاب

01 جون ، 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)دفترمحتسب پنجاب کو سال رواں میں کل 11636عوامی شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں عمومی نوعیت کی 7647 درخواستیں اور بچوں سے متعلقہ 109 شکایات شامل ہیں۔ صوبائی محکموں سے متعلقہ ان شکایات کو بروقت نمٹایا جا رہا ہے۔ ریجنل ایڈوائزرز اورکنسلٹنٹس کے اجلاس میںصوبائی محتسب میجر(ر)اعظم سلیمان خان نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو45دن میں نمٹایا جائے تاکہ عوام کو بروقت ریلیف ملے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں اورتجاوزات کے خاتمہ کے ساتھ واگزارشدہ جگہ کی مارکیٹ ویلیو بھی ظاہر کی جائے۔ تارکین وطن کی سرکاری محکمہ جات سے متعلقہ شکایات کے حل کیلئے مستعدی سے کام کیا جائے۔ بچوں کے حقوق کی حفاظت اور انہیں استحصال سے محفوظ رکھنے کیلئے صوبائی چیف کمشنربرائے اطفال کا پلیٹ فارم بھی موجود ہے۔