پاکستان چین کی مدد سےآم کی پیداواربڑھا سکتا ہے:وانگ زیہائی

01 جون ، 2022

لاہور(اپنے نامہ نگار سے)پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر کے صدر وانگ زیہائی نے تجویز پیش کی ہے کہ پاکستان کو آم کی پیداوار بڑھانے، معیاری پھل پیدا کرنے اور کاشتکاری کے ڈھانچے اور تکنیک کو جدید بنانے،برآمدات کو بڑھانے اور قیمتی زرمبادلہ کمانے کیلئے عالمی منڈیوں میں مسابقت کو بہتر بنا نے کیلئے چین کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے اور پانی کی کمی کے باعث آم کی پیداوار میں کمی پاکستان میں ایک ابھرتا ہوا مسئلہ ہے۔ آم کی کامیاب نشوونما کے لیے ڈرپ اریگیشن سسٹم پر عمل کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ نظام صرف ضرورت کے مطابق تھوڑی مقدار میں پانی فراہم کرتا ہے چونکہ پاکستان کو اس وقت کم برف باری اور بارشوں کی وجہ سے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، اس لیے یہ طریقہ آم کی فصل کی پیداوار بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔