کھاد ،گندم کی ذخیرہ اندوزی اورسمگلنگ کیخلاف کریک ڈائون کاحکم

01 جون ، 2022

لاہور ( جنرل رپورٹر ) چیف سیکرٹری کامران علی افضل نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو لنک اجلاس کے ذریعے ہدایات جاری کیں کہ کھاد، گندم کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کیخلاف کریک ڈائون کیاجائے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ کھاد کی گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صرف ڈیکلئیرڈسٹاک ہی گودام میں رکھنے کی اجازت ہوگی ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ضبط شدہ سٹاک مقررہ قیمت پر مارکیٹ میں فروخت کر دیا جائے۔چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ یوریا کی ڈی اے پی کیساتھ مشروط فروخت اوررات آٹھ بجے کے بعد کسی دکان پر بھی کھاد کی فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کھاد، گندم کی سمگلنگ اورذخیرہ اندوزی سے متعلق انتظامیہ کو معلومات فراہم کرنے کیلئے سپیشل برانچ کو فرائض تفویض کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آن لائن پورٹل پر کھاد کی ترسیل اور سٹاکس کی مانیٹرنگ کی جائے اورسمگلنگ کی روک تھام کیلئے سرحدی اضلاع میں گندم اور کھاد کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھی جائے ۔