اسلام آ باد( نیوز رپورٹر) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک ترک تجارتی حجم 5ارب ڈالر کرینگے، ہدف آئندہ 3سال میں حاصل کیا جائیگا، اسوقت تجارتی حجم 1.1ارب ڈالر ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے و سیع مواقع ہیں،دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے تمام رکاوٹیں دور، ترک سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیگی، ترک سرمایہ کار پاکستان میں آئی ٹی، ڈیری فارمنگ، ٹیکسٹائل اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان ترک سرمایہ کاروں کا دوسرا گھر ہے، ترکی کے دشمن ہمارے دشمن ہیں،انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کی شب انقرہ میں یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکسچینجز آف ترکی (ٹی او بی بی) کے صدر رفعت حسارچِکولو کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کے موقع پر ترک سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئےکیا،عشائیے میں وزیراعظم کے وفد کے ارکان، پاکستان ترکی بزنس فورم کے شرکا، پاکستانی و ترک سرمایہ کاری بورڈ کے حکام اور ترکی اور پاکستان کے تاجروں کی بڑی تعداد شریک ہوئے،وزیراعظم شہباز شریف نے ترک سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے پاکستان اور ترکی کی کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ آئندہ 3 سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم کرے،وزیراعظم نے کہا کہ ترکی نے صدر اردوان کی دانشمندانہ قیادت میں شاندار ترقی کی ہے، ترکی کی برآمدات 270 ارب ڈالر سے زیادہ ہیں، ترکی نے ڈیموں اور بے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی ۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ، جنوبی افریقہ ، جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر میں بڑے منصوبے مکمل کئے، دونوں ممالک کے درمیان عشروں پر محیط قریبی، تاریخی، دوستانہ تعلقات ہیں، ترکی نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں چاہے جنگ ہو، زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا کوئی اور قدرتی آفت ہو ہمیشہ عملی طور پر پاکستان کی مدد کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ترک قوم کبھی اپنے دوستوں کو نہیں بھولتی، ہمارا تجارتی حجم دوستانہ تعلقات کی بھرپور عکاسی نہیں کرتا۔ ترکی کے سرمایہ کار پاکستان میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا اور اس حوالے سے تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میٹرو، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں ترکی کی کمپنیوں نے بھرپور معاونت فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی یک جان دو قالب ہیں۔ انہوں نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہو ئے کہا کہ انہیں پاکستان میں کاروبار اور تجارت کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، ان کے ویزا کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ترک سرمایہ کار پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی، دفاع، آئی ٹی، ڈیری فارمنگ، ٹیکسٹائل اور توانائی سمیت دیگر شعبے میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی حجم 1.1 ارب ڈالر ہے جس کو باہمی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششوں سے آئندہ تین سال کے دوران 5 ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ترک سرمایہ کاروں کا دوسرا گھر ہے ، ترکی کے دشمن ہمارے دشمن ہیں۔ وزیراعظم کے دورے کے موقع پر یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکسچینجز آف ترکی (ٹوب) کی عمارت کے ٹاورز پر پاکستان اور ترکی کے بڑے بڑے پرچم آویزاں کئے گئے تھے۔ ٹوب کے صدر نے وزیراعظم کو اپنے ادارے کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک وہیکل کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے،قبل ازیں3 روزہ سرکاری دورے پر انقرہ پہنچنے پروزیر اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا ،ائیر پورٹ پر ترک فوج کےچاک و چوبند دستہ نےگارڈ آف آنر پیش کیا۔ترکی کے وزیرِ قومی دفاع حلوصی آقار اور اعلی افسران و سفارتی عہدیداران نے وزیرِ اعظم کااستقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک ترک تعلقات سیاسی تبدیلیوں سے بالاتر ہیں دورے کے دوران وزیراعظم کی صدر اردوان سے وَن آن وَن ملاقات ہوگی جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت کا انعقاد ہوگا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لینے کے علاوہ دونوں راہنما علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں رہنما اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے مشترکہ خطاب بھی کریں گے۔ صدر اردوان وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔ صدر اردوان اور وزیراعظم شہبازشریف مشترکہ طور پر یادگاری نشان بھی جاری کریں گے جو ترکی اور پاکستان کے درمیان غیرمعمولی دوطرفہ تعلقات کی طویل تاریخ میں اِس اہم سنگ میل کی مناسبت سے تیار کیاگیا ہے۔ قبل ازیں ترکی کے دورے سے قبل اناطولیہ نیوز ایجنسی کو خصوصی انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں پرکشش منافع کے ساتھ سرمایہ کاری کےوسیع مواقع ہیں، ترک کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے، ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور ترکی اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنے شاندار روابط سے بھرپور استفادہ کریں، علاقائی روابط ، مشترکہ ترقی اور ایک ہی منزل کا دور نئی سوچ کا متقاضی ہے۔
اسلام آباد ملک میں فائیو جی سروسز کے آغاز کا شیڈول پارلیمنٹ میں پیش کر دیا گیا ، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کی...
اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کرکٹ ٹیسٹ میچ سیریز کے پہلے میچ میں جیت پر قومی کرکٹ...
واشنگٹن کینیڈا کے راستے واشنگٹن پہنچنے والی منجمد قطب شمالی کی برفانی ہوائوں نے امریکا کے 47؍ ویں صدر ڈونالڈ...
اسلام آباد سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق عدالتی فیصلے کیخلاف کیس ڈی لسٹ کر دیا...
اسلام آ باد قومی اسمبلی کا اجلاس آج پیر کی شام 5 بجےپارلیمنٹ ہا ئوس اسلام اآ باد دوبارہ شروع ہو گا۔قومی...
اسلام آباد پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ قیام کی تجویز زیر غور ہے جبکہ تجارت غیر ٹیرفی...
اسلام آ باد 23جنوری کو ہونے والے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے اجلاس میں پا کستان پولیس سروس کے 20افسروں اور پا...
اسلام آباد بطور امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے منصب کے آخری مراحل میں سزا یافتہ 5افراد کی سزائوں میں بھی...