وزیراعظم کا یوٹیلیٹی سٹور ز پرملکی تاریخ کا بے مثال امدادی پیکج جاری

01 جون ، 2022

اسلام آ باد(نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشرے کے غریب افراد کی مشکلات کے پیش نظر یوٹیلیٹی سٹورز کارپویشن کیلئے جس امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکج ہمیشہ صرف رمضان المبارک کے مہینہ کیلئے ہوتا تھا لیکن غریب طبقہ کو مہنگائی سے بچانے کیلئےاب اسے رمضان کے بعد بھی وزیر اعظم پیکج کے تحت جاری رکھاگیا ہے اور مزید جاری رکھا جا ئے گا ،اس وقت یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800روپے میں دیا جا رہا ہے جس کی مارکیٹ پرائس1250 روپے ہے،چینی 70روپے فی کلو گرام فراہم کی جا رہی ہے جس کی مارکیٹ پرائس 85روپے ہے، گھی فی کلو 100روپے سستا فراہم کیا جا ر ہا ہے، دالیں اور چاول بیس روپے فی کلو سستے فروخت کئے جا رہے ہیں ،حکومت یوٹیلیٹی سٹورز پر یہ اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کرنے کیلئے ما ہانہ ساڑھے تین ارب روپے سبسڈی دے رہی ہےجو ماضی کی حکومتوں کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی سے 50فی صد زیادہ ہے، تر جما ن نے یقین دلایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضررویہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے گا ۔