فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز،اپریل کیلئے بجلی3.99روپے یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری

01 جون ، 2022

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ ،این این آئی) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) نے ڈسکوز کے اپریل کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 3روپے 99پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی، اضافے سےصارفین پر 51ارب سے زائد کا اضافی بوجھ پڑیگا، فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا ،سماعت میں چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ 18،18 گھنٹے تک لوڈشیڈ نگ ہورہی ہے، اندازوں پر کام نہ کریں، پاورسسٹم کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز چیئرمین نیپر انجینئر توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت ہوئی ، سماعت میں نیپرا ممبران انجینئر رفیق احمد شیخ اور انجینئر مقصود انور خان بھی موجود تھے،سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواست دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ 12 ارب55 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، جس کی مجموعی لاگت 133 ارب روپے رہی،ڈیزل سے 27 روپے فی یونٹ، فرنس آئل سے 28، ایل این جی سے 16، کوئلے سے 14 روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔31 روپے فی یونٹ بجلی لاسز کی نذر ہوئی،نیپرا نے فی یونٹ بجلی 4روپے پانچ پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی، وائس چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کیا آپ کے پاور پلانٹس کو گیس ملتی ہے؟ نمائندہ سی پی پی اے نے جواب دیا کہ ہمارے پاور پلانٹس کو گیس نہیں ملتی، وائس چیئرمین نے کہا کہ جن پلانٹس کوگیس نہیں ملتی انہیں اکنامک میرٹ آرڈرمیں ٹاپ پر نہ رکھیں، نیپرا نے میرٹ آرڈر کی لسٹ درست کرنے کی ہدایت کی،سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے جی) نے ایف سی اے کی مد میں 4 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کروائی تھی جبکہ ڈیٹا کی ابتدائی جانچ پڑتال کے مطابق 3 روپے 99 پیسے اضافہ فی یونٹ بنتا تھا جبکہ اس سے قبل مارچ کا ایف سی اے صارفین سے 2 روپے 86 پیسے فی یونٹ چارج کیا گیا تھا، جو کہ صرف 1 ماہ کے لئے تھا،اپریل کا ایف سی اے مارچ کی نسبت 1 روپے 13 پیسے جون میں زیادہ چارج کیا جائے گا،اس کا اطلاق بھی صرف 1 ماہ کے لئے ہو گا،اس موقع پر چیئرمین نیپرا نے سماعت کے دوران کہا کہ اندازوں پر کام نہ کریں، پاورسسٹم کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے،اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی ہے،نیپرا اضافے کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گا۔