چاند نظر آ گیا،یکم ذوالقعدہ 1443ھ آج ہوگی

01 جون ، 2022

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر ) ماہ ذوالقعدہ1443 ھ کا چانددیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت زونل رؤیت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی حکومت کوہسار بلڈنگ پاک سیکرٹر یٹ اسلام آباد میں ہوا‘ اجلاس میں وزرات مذہبی امور سے ڈی جی سید مشاہد حسین خالدنے جبکہ فنی معاونت کیلئے محکمہ موسمیات سے چیف میٹ سردار سرفراز اور محکمہ سپارکو سے غلام مرتضیٰ نے اوروزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔ اجلاس میں میں مفتی ضمیر احمد ساجد،مفتی محمد اقبال نعیمی، مفتی عبدالسلام جلالی،مولانا ابو بکر صدیق،علامہ سجاد حسین نقوی، مولانا ہارون الرشید بالاکوٹی، پیر ممتازاحمد ضیاء نظامی اور دیگر نے شرکت کی، اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز لاہور،کراچی،پشاور، کوئٹہ میں منعقد ہوئے‘ جس میں مرکزی و زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی، مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے اکثرو بیشتر مقامات پرمطلع ابر آلود رہااورکچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا،پاکستان کے مختلف مقامات سے ماہ ذوالقعدہ کے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں ہیں جن میں عمرکوٹ اور چھور اور دیگر مقامات پر چاند نظر آگیا ہے لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذوالقعدہ 1443ھ یکم جون2022ء بروزبدھ کو ہوگی۔