زور بازو پر بھروسہ،ممنوعہ ادو یہ سے دور رہیں ، کرکٹر ز کو اپنی ڈوپنگ لیکچر

01 جون ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ جمعرات سے لاہور میں شروع ہوگا۔ ساتھ ہی پلیئرز کو سبق دیا گیا ہے کہ وہ کرکٹ سرگر میوں میں اپنے فطری اہلیت اور زور بازو پر بھروسہ رکھیں، ممنوعہ اور قوت بخش ادویہ کے نقصانات سے انہیں آگاہ کردیا گیا۔ لاہورمیں قومی کرکٹرز کے کنڈیشننگ کیمپ میں کرکٹرزکوپاکستانی ٹیم کے ڈاکٹر نجیب سومرو نے ہائی پرفارمنس سینٹر میں اینٹی ڈوپنگ پر لیکچردیا ۔ پی سی بی کنڈیشننگ کیمپ کے دوسرے مرحلے میں 45کھلاڑی شریک ہیں ۔ کیمپ کے تیسرے روز کھلاڑیوں کو ڈوپنگ قوانین کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ ادھر قومی کرکٹرز کا ٹریننگ سیشن بھی جاری ہے۔ بیٹرز نے این ایچ پی سی میں بیٹنگ پریکٹس کی کوچز کی نگرانی میں اسپنرز نے نیٹ پر بیٹرز کو بولنگ کی، جبکہ بولرز نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں بولنگ کی ٹریننگ کی ۔کوچز نے فاسٹ بولرز کی اسسمنٹ کی اور اسکلز پر کام کیا قومی کرکٹرز کو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کھلاڑی گروپس میں فیلڈنگ ڈرلز بھی کر رہے ہیں۔ پاکستانی ٹیم اتوار کو لاہور سے ملتان پہنچے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین میچز 8، 10 اور 12 جون کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ بدھ کوقومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی فار اینڈ بلڈنگ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کریں گے۔ اس روز کوئی ٹریننگ سیشن نہیں ہے۔جمعرات کو وائٹ بال کے نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی پریس کانفرنس کریں گے۔جمعرات اور جمعے کوقومی کرکٹ اسکواڈ کا ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن کرے گا ۔ہفتے کوپاکستان کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی ایل سی سی اے گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگوکریں گے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم پیر کی صبح اسلام آباد پہنچے گی اور تھوڑی دیر بعد چارٹرڈ فلائٹ سے ملتان پہنچے گی۔توقع ہے کہ ویسٹ انڈیز کا پہلا پریکٹس سیشن منگل کو ہوگا۔