سری لنکاکو ہرانے والی خواتین کرکٹ ٹیم کامن ویلتھ گیمز کیلئے برقرار

01 جون ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کیلیے پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیمکا اعلان کردیا گیا ۔ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں کلین سوئپ کرنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔ یہی اسکواڈ کامن ویلتھ گیمز سے قبل آئرلینڈ میں سہ فریقی سیریز میں بھی شرکت کرے گا۔ 15رکنی اسکواڈ کے علاوہ تین ریزرو کرکٹرز غلام فاطمہ، امِ ہانی اور صدف شمس بھی شامل ہیں۔ پاکستان، آئرلینڈ اور آسٹریلیا کی خواتین ٹیموں کے مابین سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز 16 سے 24 جولائی تک بیلفاسٹ میں کھیلی جائے گی۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اپنے تین میچز 29، 31 جولائی اور 3 اگست کو بالترتیب بارباڈوس، بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔ تربیتی کیمپ یکم سے 11 جولائی تک اسلام آباد میں لگایا جائے گا،جبکہ اسکواڈ 12 جولائی کو برطانیہ روانہ ہوجائے گا۔