پاکستان یاسین ملک کو جابرانہ بھارتی سزاکامعاملہ عالمی عدالت انصاف میں اٹھائے،صدرآزادجموں وکشمیر

07 جون ، 2022

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری برطانیہ ،آئرلینڈ اور برسلز کے دس روزہ دورہ کے سلسلہ میں مانچسٹر ائرپورٹ پہنچے جہاں کشمیریوں کی بڑی تعداد نے ان کااستقبال کیا۔ مانچسٹر ائرپورٹ سے انہیں قافلے کی صورت میں بریڈفورڈ لایا گیا اس موقع پر آزاد کشمیر تحریک انصاف کے سینئر رہنما و صدارتی مشیر چوہدری محمد مالک کی رہائش گاہ پر جنگ اور جیو سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یاسین ملک کی سزا کوعدالتی قتل قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک پربھارتی سرکار نے جھوٹے مقدمات بنائے ہ یاسین ملک کومسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیر کی آزادی کے لئے کوششوں پر سزا وار ٹھہرایا گیا ہے جبکہ یاسین ملک پوری دنیا میں آزادی کی علامت ، جبر کے خلاف مزاحمت اور امن کی علامت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔یاسین ملک کی سزامودی سرکار کی جابرانہ اور غاصبانہ سوچ کی عکاس ہے جس پر ہم کشمیری بھرپورمذمت کرتے ہوئے سراپا احتجاج ہیں انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسینملک کوجابرانہ بھارتی سزاکےمعاملےکو عالمی انصاف کی عدالت میں لے جائے ۔ پاکستان ہی اس کو عالمی عدالت میں لے جا سکتا ہے کیونکہ وہ اقوام متحدہ کا ممبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے شہداء کا خون رنگ لائے گا اور مقبوضہ کشمیر جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا وہ ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے طور پرمسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں بین الاقوامی سطح کے ہر فورم پر اُٹھائیں گے اور یاسین ملک کے کیس کوعالمی عدالت انصاف میں لے جانے کے لیے بھی وہ خود وکلاء سے مشاورت کریں گے۔ اس موقع پر استقبال کےلیے آنے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اورسیز پاکستانی اور کشمیریوں نے ہمیشہ مسلۂ کشمیر کو زندہ رکھا ہے اب بھی وہ ایک ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے5اگست 2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد اب ایسے اقدامات اُٹھانے شروع کردیئے ہیں جس سے وہ مسئلہ کشمیر ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے وہ مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب بھی تبدیل کر رہا ہے۔ چوہدری محمد مالک کی رہائش گاہ پر برطانیہ بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ کشمیر کی تحریک کے لیےشانہ بشانہ چلنے کے عزم کا اظہار کیا ۔