ایک شخص کے ٹریکس پر آنے سے 100 سے زائد ٹرینیں تاخیر کا شکار،20 منسوخ

07 جون ، 2022

لندن (پی اے) ایک شخص کے ٹریکس پر آنے کے باعث لندن اور ایڈنبرا کو ملانے والی لائن پر 100 سے زائد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں اور کم از کم20کو منسوخ کرنا پڑا۔ ہفتے کو ایسٹ کوسٹ مین لائن پر سروسز ساکت ہوگئیں، بگاڑ سے ہجوم اور قطاروں پر اثر پڑا کیونکہ لوگ جوبلی کی تقریبات اور نیب ورتھ میں لائم گالگر کنسرٹ سمیت بڑے ایونٹس کے لیے جارہے تھے، بالآخر لائن پر آنے والے شخص کو ہرٹ فورڈ شائر میں ایک درخت میں چھپا پایا گیا، ٹرینیں روک دی گئیں جب کہ پوٹرز بار ایریا میں اس شخص کی تلاش کے لیے برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے ایک ہیلی کاپٹر اور کتوں کی ٹیمز استعمال کیں۔ ایل این ای آر، گرانڈ سینٹرل اور ٹیمز لنک سروسز بھی متاثر ہوئیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ شخص درخت میں پائے جانے سے قبل کچھ وقت تک پکڑے جانے سے بچا رہا۔ نیٹ ورک ریل کی ترجمان نے بتایا ہے کہ پوٹرز بار ایریا میں اس واقعہ کی وجہ سے لندن کنگز کراس سے چلنے والی سروسز بری طرح متاثر ہوئیں، اس شخص کو ریلوے سے بحفاظت ہٹالیا گیا اور سروسز دوبارہ شروع ہوگئیں، بہرحال مسافر سفر سے قبل اپنے سفر کا درجہ چیک کرلیں کیونکہ سہ پہر میں تاخیر برقرار رہنے کا امکان ہے۔