2سال بعد غیر ملکی عازمین حج سرزمین مقدس پہنچنا شروع ہوگئے

07 جون ، 2022

ہیلی فیکس (نمائندہ جنگ) سعودی عرب میں کورونا وائرس کے تناظر میں عائد پابندیوں کے 2سالہ عرصے کے بعد غیر ملکی عازمین کی آمد کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ رواں برس حج کے سلسلے میں پہلی غیر ملکی پرواز مدینہ ائرپورٹ پہنچی، جہاں حکام نے ضیوف الرحمن کا استقبال کیا۔ یاد رہے کہ 2برس سے کورونا پابندیوں کے باعث حج کو صرف مقامی عازمین تک محدود رکھا گیا تھا، تاہم رواں برس اپریل میں سعودی عرب کی جانب سے باقاعدہ اعلان کیا گیا کہ اس سال دنیا بھر سے 10لاکھ عازمین حج ادا کر سکیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا سے پہنچنے والی پہلی پرواز کے خوش نصیب مسافرآئندہ ہفتوں میں مکہ مکرمہ کیلئے روانہ ہوں گے۔ سعودی حکام نے طویل پابندیوں کے بعد عازمین حج کی آمد کو باعث خوشی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہمانوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کو ہرممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ رواں برس سعودی عرب نے حج کیلئے 65 سال سے بڑی عمر کے افراد پر پابندی عائد کی ہے جب کہ شرائط پر پورا اترنے والوں کے لیے بھی ویکسین کی تمام منظور شدہ خوراکیں لینا لازم قرار دیا گیا ہے۔