افواج پاکستان نے ملک کیخلاف ہر سازش کوناکام بنایا ، فیصل اقبال

07 جون ، 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) استحکام پاکستان سوسائٹی اسکاٹ لینڈ کے صدر سید فیصل اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج نہ صرف ملک کی جغرافیائی بلکہ نظریاتی سرحدوں کی بھی محافظ ہے، بلاشبہ یہ دنیا کی بہترین پیشہ ورانہ افواج میں سے ایک ہے جس نے ہر قسم کی بین الاقوامی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے سرحدوں اور عوام کا دفاع کیا ہے۔ گلاسگو میں استحکام پاکستان سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید فیصل اقبال نے کہا کہ چند بیرونی قوتیں جن میں بھارت پیش پیش ہے، پاکستانی فوج کے ادارے کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، انہیں بخوبی علم ہے کہ ایک مضبوط فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کے خلاف ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ آج کل سوشل میڈیا پر بعض افراد نے فوج کے متعلق ایک طوفان بدتمیزی برپا کر رکھا ہے جس کو بھارت اور پاکستان دشمن قوتیں اپنی ایک کامیابی کے طور پر دیکھ رہی ہیں، پاکستانی فوج کے جوانوں نے دفاع وطن کیلئے بے پناہ قربانیاں دی اور اب بھی دے رہی ہیں ،وہ مشکل ترین حالات میں بھی کارگل کے علاوہ مشرقی اور مغربی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کررہی ہیں، یہ پاکستانی فوج کے جذبہ ایمانی اور وطن سے محبت کی مثال ہے،سید فیصل اقبال نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کو اپنے اس ادارے پر فخر ہے، قوم آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔