فلم ”دی لیڈی آف ہیون‘‘ کی برطانیہ میں نمائش کیخلاف مسلم کمیونٹی کا احتجاج

07 جون ، 2022

بریڈفورڈ (نمائندہ جنگ) فلم ”دی لیڈی آف ہیون“ کو برطانوی سینما گھروں میں ریلیز کیے جانے پرمسلم کمیونٹی کا احتجاج جاری ہے ،بریڈفورڈ کے مقامی سینما گھر کے باہر مسلمانوں کی بڑی تعداد نے احتجاج کرتے ہوئے فلم کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے، مسلم کمیونٹی رہنماؤں نے ردّعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متنازع فلم قرآن اور سنت کی عظمت اور دین اسلام کی سچائی پر حملہ ہے، اور صحابہ کرام کی توہین کا پہلو پایا جاتا ہے، من گھڑت باتوں سے صحابہ کے مقدس کردار کو معاذ اللہ نشانہ بنا کر فرقہ پرستی کو ہوا دینے کی کوشش کی گئی ہے، دوسری جانب ہندوستان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے رہنماؤں کی جانب سے بھی پیغمبر اسلام ﷺ کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی، کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مودی کی قیادت میں بھارت مذہبی آزادیوں کوپامال کر رہا ہے اور مسلمانوں پر ظلم کر رہا ہے، دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کی سخت سرزنش کرنی چاہیے، اظہار رائے کی آزادی کا سہارا لیکر عالمی سطح پر مسلمانوں کے احساسات کو مجروح کرناانتہائی قابل مذمت ہے ۔