ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی کلرکوں کی مکمل ہڑتال ،دفاتر کی تالہ بندی

07 جون ، 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی مرکزی قیادت کی کال پرمطالبات تسلیم نہ ہونے کے خلاف پاکستان کی طرح ملتان میں بھی تمام دفاتر کے ملازمین نے مکمل ہڑتال و تالہ بندی کی اور اپنے اپنے دفاتر سے جلوس کی صورت میں رضا ہال ملتان پہنچے۔ جہاں مرکزی صدر ایپکا پاکستان خالد جاوید سنگھیڑاکی صدارت میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا،جلسہ میں ایپکا ملتان ڈویژن کے تمام عہدیداران نےبھی شرکت کی، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےمرکزی صدرخالد جاوید سنگھیٹرا سینئر نائب صدر ایپکا پاکستان مختار احمد راٹھور، اور دیگر عہدے داروںطاہر عباس شاہ، حامد رضا ،ن رانا محمد منیر، عبدالرزاق بلوچ، رانا طاہر حسین، غلام قاسم بھٹہ، مہتاب قریشی ، رائو عمر دراز، خورشید اکبرنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے پہاڑ کھڑے نہ کیے جائیں ،آئی ایم ایف سے پچھلی حکومت کے کئے گئے معاہدوں کی سزا غریب عوام اور ملازمین کو نہ دی جائے ،مقررین نے کہا کہ مہنگائی کے تناسب سے 200فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، اگر ہمارے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو پھر 9جون روز جمعرات کو اسلام آباد پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے احتجاج کیا جائے گا ۔