مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات‘4 ہلاک، 3 زخمی ہو گئے

07 جون ، 2022

رحیم یار خان، لیہ، میلسی، ٹبہ سلطان پور (سٹی رپورٹر، نمائندہ جنگ، نامہ نگار) مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 4 ہلاک، 3 زخمی ہو گئے، رحیم یار خان میں دو حادثوں میں 2 ہلاک، 2 شدید زخمی، جمن شاہ میں نوبیاہتا دلہن ہلاک، ٹبہ سلطان پور میں ٹریلر الٹنے سے ڈرائیور ہلاک ہیلپر زخمی ہو گیا، تفصیل کے مطابق رحیم یار خان میں پہلاحادثہ نواز آباد کے 2 حقیقی بھائیوں عبدالحئی اور عبدالقیوم کے ساتھ پیش آیا جو موٹر سائیکل پر جا رہے تھے، موٹر سائیکل پک اپ ٹرک سے ٹکرا گئی، پیچھے سے آنیوالی مسافرکوچ نے دونوں بھائیوں کو کچل ڈالا، موقع پر ہی دم توڑ گئے، دوسرا حادثہ خانپور کے وقاص کے ساتھ پیش آیا جو ساتھی کے ہمراہ کار پر رحیم یار خان سے خان پور جا رہا تھا، مدنی چوک کے نزدیک کار سامنے سے آنیوالی مسافر ویگن سے ٹکرا گئی جس سے کار میں سوار وقاص احمد اپنے ساتھی سمیت شدید زخمی ہو گیا، لیہ کے نواحی علاقہ جمن شاہ میں ٹریکٹر ٹرالی کی موٹر سائیکل کو ٹکر ہو گئی، نوبیاہتا دلہن ثانیہ بی بی کوٹ سلطان سے لیہ جا رہی تھی، ٹبہ سلطان پور میں میلسی روڈ پر اڈا درپور میں ٹریلر سڑک کنارے کھڑے درخت سے ٹکرا کر الٹ گیا، حادثے میں ڈرائیور کوہاٹ کا عبدالصمد موقع پر ہلاک، ہیلپر جس کا نام فاروق بتایا گیا شدید زخمی ہو گیا، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے 3 گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد ڈرائیور کی لاش ٹریلر کی باڈی کاٹ کر باہر نکالی، زخمی کو ہسپتال ٹبہ سلطان پور منتقل کیا گیا۔