پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف تاجروں کا احتجاج

07 جون ، 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکریٹری جنرل مرکزی انجمن تاجران کینٹ معظم وحید خواجہ، چیف کوآرڈینیٹر غضنفر ملک، شیخ محمد طاہر، کلب عابد خان اور شیخ عرفان نے قائداعظم شاپنگ سینٹر کینٹ کے تاجروں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے حکمرانوں کے نام نہاد دعووں کا پول کھول دیا، عالمی مالیاتی اداروں کے تنخواہ دار پالیسی سازوں اور متحدہ حکومت نے تاریخ کے بدترین حالات کی دلدل میں قوم کو لا پھینکا ہے، عالمی مالیاتی اداروں سے قرضے حکمرانوں نے لیے اور یہ ڈالر انہی کرپٹ سیاست دانوں کے اکاؤنٹس میں پڑے ہیں، حکمران معاشی بدحالی کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے،کاروبار ٹھپ اور معاشی حالات تشویش ناک حد تک خراب ہو چکے ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے اور ظالمانہ عوام کش اقدامات واپس لے اور عوام کو ریلیف دے وگرنہ تاجر احتجاجی دائرہ وسیع اور ظالم حکمرانوں سے نجات تک احتجاج کرینگے۔