فارن فنڈنگ کیس، ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کو جلد فیصلہ سنانے سے روکے، تحریک انصاف

07 جون ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کو ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلدسنانے سے روکنے کی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے اسے انٹرا کورٹ اپیل کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے پی ٹی آئی کی متفرق درخواست کی سماعت کی، اس موقع پر تحریک انصاف کے وکیل انور منصور عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن ہمارا کیس روزانہ کی بنیاد پر چلا رہا ہے جبکہ دوسری جماعتوں کے کیسز میں ایسا نہیں ہے،سکروٹنی کا عمل 2018 میں اکٹھے شروع ہوا لیکن صرف پی ٹی آئی کا کیس آگے بڑھ رہا ہے، دوسری جماعتوں کی سکروٹنی کمیٹی بھی ابھی تک نہیں بنی، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے ساتھ جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے، ہماری دستاویزات اٹھا کر پوری دنیا کو دے دی گئیں،الیکشن کمیشن جلدی فیصلہ کردے گا لہٰذا الیکشن کمیشن کو جلد فیصلہ سنانے سے روکا جائے۔ اس پر عدالت نے متفرق درخواست پر جمعرات کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔