پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئےسیاسی گہماگہمی کا آغا ز

07 جون ، 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی سیٹ ہونے والے پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں سیاسی گہماگہمی کا آغاز ہوگیا ۔ ان میں ملتان کے صوبائی حلقہ 217 سمیت جنوبی پنجاب کے 8حلقے شامل ہیں، ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں کاغذات نامزدگی کا آغاز ہوگیا ،گزشتہ روز صوبائی حلقہ 217 ملتان کے لئے پہلے روز چھ امیدواروں نے کاغذات حاصل کئے،یاد رہے کہ سلمان نعیم کے ڈی سیٹ ہونے پرا س حلقہ میں الیکشن ہورہے ہیں ، سلمان نعیم اگرچہ 2018ء کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت میں اس سیٹ پر کامیاب ہوئے تھے ،مگربعدازاں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ،ترین گروپ کی جانب سے انہوں نے بھی پی ٹی آئی کے خلاف حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کے لئے ووٹ دیا ،جس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے 20 دیگرمنحرف اراکین کی طرح انہیں بھی ڈی سیٹ کردیا ، جس پر وہ دوبارہ ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں ،تاہم اس بار انہیں مسلم لیگ ن کی جانب سے پی ڈی ایم کا ٹکٹ حاصل ہے ،ان کے مقابلے میں ابھی امیدوار کا فیصلہ نہیں کیا گیا ، کارکنوں کی جانب سے شاہ محمود قریشی کو اس الیکشن میں حصہ لینے کا کہا جارہا ہے ،تاہم انہوں نے ابھی اس بارے فیصلہ نہیں کیا ،ذرائع کے مطابق اس حلقہ میں پی ٹی آئی کا کو ئی مظبوط امیدوار نہ ہونے کی وجہ سے شاہ محمود قریشی خود یا ان کے صاحب زادے زین قریشی امیدوار ہوسکتے ہیں وہ اس حوالے سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں ،یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ پی ڈی ایم نے زیادہ تر سیٹوں پر ڈی سیٹ ہونے والے منحرف اراکین کو ہی ٹکٹ جاری کئے ہیں ، جبکہ ان کےمقابلے میں پی ٹی آئی بھی زیادہ تر ن لیگ کے الیکٹیبلز کو سامنے لارہی ہے ،تاہم جنوبی پنجاب کی 8 سیٹوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں ابھی تک ٹکٹوں کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا ، پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں باقاعدہ ٹکٹ جاری کردیئے جائیں گے۔