لاہور سے پہلی حج پرواز220 حاجیوں کو لیکر روانہ،گورنر پنجاب نے الوداع کیا

07 جون ، 2022

لاہور‘ملتان (خصوصی رپورٹر ‘سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے ہمراہ گزشتہ روز لاہور انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہلی حج پرواز کے ذریعے، روانہ ہونے والے عازمینِ حج کو الوداع کیا 220 حاجیوں کو لے کر جانیوالی پی آئی اے کی حج آپریشن کی یہ پہلی پرواز پی اے 476، سعودی عرب کے ’’ روڈ ٹومکہ ‘‘پروگرام کی جملہ سہولیات سے آراستہ تھی، اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ حاجیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔دریں اثنا صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات سید علی حیدرگیلانی نے ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر سمیت اہم شخصیات کے ہمراہ ملتان ایئرپورٹ سے حاجیوں کی پہلی فلائٹ کورخصت کیا اس موقع پرانہوں نے کہاکہ دوسال کے تعطل کے بعد ملتان سے حج پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔گزشتہ روز پہلی حج پرواز 215عازمین حج کو لے کر ملتان سے مدینہ منورہ روانہ ہوگئی ہے۔مقامی ائیرلائن کی فلائٹ پی اے۔876کو رخصت کرنے کے موقع پرکیا صوبائی وزیرعلی حیدرگیلانی نے عازمین حاجیوں کو پھولوں کے ہار پہنا کر رخصت کیا۔ اس سال ملتان سے 3000افراد سرکاری طورپر حج کی سعادت حاصل کریں گے جن کے لیے 11پروازوں کا اہتمام کیاگیا ہے۔ ملتان سے آخری حج پرواز 24جون کو روانہ ہوگی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک اس وقت مسائل سے دو چار ہے۔ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔عازمین حج ملکی سلامتی واستحکام کے لیے دعا کریں۔ادھر عازمین وزارت مذہبی امور اور نیشنل بینک انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر بینک میں جمع کرائی گئی رقوم کی تصدیق نہ ہونے پر ملک بھر میں 1300 عازمین حج کے نام ڈراپ کردیئے گئے ، ان کی جگہ ویٹنگ میں موجود عازمین کو شامل کرلیا گیا ، جس پر ڈراپ ہونے والے عازمین نے احتجاج کیا ہے ، ان کا کہنا ہےکہ رقوم کی ادائیگی کی باوجود ان کے نام ڈراپ کرنے سے وہ ذہنی اذیت کا شکار ہیں،قرعہ اندازی میں نام آنے اور بینک میں رقم جمع کرانے کے باوجود ان کا نام ڈراپ کردیا گیا ۔انہوں نے وزیراعظم،وزیر مذہبی امور اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے مسئلے کا نوٹس لیں اور انہیں حج پر بھجوایا جائے۔