عمران خان بجٹ کے بعد اگلی حکمت عملی کا اعلان کرینگے، شیخ رشید

07 جون ، 2022
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ انتخابات اسی سال ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں،
حکومت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے تو بات چیت ہوسکتی ہے، الیکشن کی تاریخ دیے بغیر عمران خان کسی سے بات نہیں کریگا، حکومت ووٹر لسٹوں اور حلقہ بندیوں میں مرضی کی تبدیلیاں کر رہی ہے ،عمران خان بجٹ کے بعد حکومت کے خلاف اگلی حکمت عملی کا اعلان کرینگے کیونکہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں،باپ اور بیٹا وفاق اور ایک صوبے پر قابض ہوچکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لئے ساری محنت ہماری تھی اب انکے دور میں نکلنے جارہے ہیں،حکومت نے اور کتنے گرینڈ اتحاد بنانے ہیں؟،حکومت کے ساتھ وہ ہوگا جو وہ یاد رکھیں گے،حکومت گھر جانے کی تیاری کرے، حکومت نے اسی سال گھر جانا ہے،حکومت کو خوف ہے کیونکہ اس سے ملک نہیں چل رہا۔