وہ انقلاب جو گلی گلی سے نکلنا تھا آج اپنی ضمانتیں کرا رہا ہے، مریم نواز

07 جون ، 2022

لاہور( نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ انقلاب جس کو گلی گلی محلے محلے سے نکلنا تھا وہ آج اپنی ضمانتیں کرارہا ہے، ستر سال کا ’بچہ‘ گھر سے انقلاب لانے نکلا تھا، اب تک واپس نہیں آیا، سپر پاور کو للکارنے والا آج گرفتاری کے ڈرسے چھپ کر بیٹھا ہے، ن لیگ کو اپنی سیاست کی نہیں ریاست کی فکر ہے، سابقہ حکومت میں بنی گالا کرپشن کا ہیڈ کوارٹر بنا ہوا تھا، ایک تالا کھلوانے کیلئے سابق خاتون اول کو 5 قیراط کا ہیرا چاہئے تھا ، فرح گوگی تو ملک سے بھاگ گئی ،ہمت ہے تو عدالت کا سامنا کرو،شہبازشریف پرغیرملکی دوروں کا الزام لگایا جارہا ہے، عمران خان کو کسی نے غیر ملکی دوروں پر بلایا ہی نہیں تو جاتا کیسے، عوامی حکومتوں کو چلنے نہیں دیا جاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارٹی سیکرٹریٹ لاہور میںسوشل میڈیا ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے سوشل میڈیا ٹیم کودل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیمیں بہترین کام کر رہی ہیں، 75سالوں سے سن رہے ہیں ملک نازک دورسے گزر رہا ہے، عوامی مینڈیٹ لینے والی جماعتوں کو چلنے نہیں دیا جاتا، ہمیں کہا گیا مشکل وقت میں حکومت کیوں لی، مشکل وقت میں حکومت سنبھالنا ہمارے لیے چیلنج ہے، جب پاکستان نوازشریف کو ملا تھا تو 20 سے 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، نواز شریف کے پاس جادو کی چھڑی نہیں تھی، نواز شریف خدمت کے جذبے سے اقتدار میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے ہرشعبے میں برا حال ہے، سابقہ حکومت کی نااہلی، نالائقی کی وجہ سے یہ حالات ہے، پاکستان کھائی میں گررہا تھا اس لیے حکومت لی، شہباز شریف جیسا محنتی قابل شخص آگیا ہے، اسے موقع دینا چاہیے، جلا وطنی کے بعد نوازشریف نے پانچ سال ملک کوعدم استحکام نہیں ہونے دیا تھا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی نے اسلام آباد کا جلاو، گھیرائو نہیں کیا، کیا کسی حکومت نے کرسی کیلئے اسلام آباد کو آگ لگائی؟انقلاب لانے والے آج کل اپنی ضمانتیں کروارہے ہیں، یہ کیسے پاکستانی ہیں؟، اس طرح آپ کی پاکستانیت پر سوال کھڑے ہوں گے،ظلم کو سہنا ہو تو آپ کو نواز شریف جیسا جگر چاہیے، مریم نواز نے عمران خان اور عثمان بزدار کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ پنجاب میں ایک، ایک تبادلے کیلئے بنی گالہ نے پیسے لیے، جس نے توشہ خانہ کو نہیں بخشا اس نے کسی چیزکونہیں بخشا، فرح گوگی نے تو صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے ملک کا حق کھا لیا، کل ویڈیو چل رہی تھی کہ چھوٹے سے کام کیلئے خاتون اول کہتی 3کا نہیں 5قیراط کا ہیرا چاہیے، جب ترجیحات یہ ہوں کہ بنی گالہ کرپشن کا ہیڈ کوارٹرز بن جائے، فرنٹ پرسن بزدار اور فرح گوگی ہو، جو پنجاب کا نہیں پورے پاکستان کے عوام کا حق کھا گئے ہیں، فرح گوگی ملک چھوڑ کر فرار ہوگئی ہے، فرح گوگی فرنٹ پرسن اور براہ راست بینیفشری عمران خان ہے، چھوٹا سا کام تالا کھلوانا ہے اور 5قیراط ڈائمنڈ مانگ رہی ہے، کہہ رہی ہے کہ کل تالے کھل جائیں گے دستخط بھی ہوجائیں گے، لیکن تالے رشوت دے کر کھل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں پرچی دیکھ کر اپنی کارکردگی بتا رہا تھا وہ بھی نہیں پڑھی جارہی تھی، مجھے ابھی تک سمجھ نہیں آیا وہ کیا بول رہا تھا، جس نے کوئی کام نہیں کیا وہ پرچی پڑھ کرکیا کہے گا؟ انھوں نے کہا کہ اب ہمیں مسلم لیگ (ن) کی نہیں ریاست کی فکرہے، شہباز شریف نے دل پر پتھر رکھ کر قیمتیں بڑھائیں، شہبازشریف کی چھ ہفتے کی کارکردگی کا جواب دے سکتی ہوں، آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان کر کے آئے تھے، آئی ایم ایف سے معاہدے کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھانا پڑیں، عمران خان نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پراجیکٹ پتا نہیں کس کے کہنے پر بند کیا تھا، ہم سی پیک پراجیکٹ کو فعال کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف پرغیرملکی دوروں کا الزام لگایا جارہا ہے، عمران خان کو کسی نے غیر ملکی دوروں پر بلایا ہی نہیں تو جاتا کیسے، ماسیوں کی طرح اس نے تمام ملکوں کے درمیان لڑائیاں کرائیں، یہ تھی اسکی خارجہ پالیسی؟ اس نے عرب ممالک کوبھی اپنا دشمن بنا لیا تھا، شہبازشریف ترکی کھانا کھانے نہیں گئے تھے، کیسے، روز جلائو ٔگھیراؤ، کھیل تماشا ہوگا تو کون اس ملک میں آئیگا؟ شہبازشریف صبح پانج بجے اٹھ کر رات دس بجے تک کام کرتے ہیں، اس کی خارجہ پالیسی یہ تھی ایک نے فون نہیں کیا اور دوسرا فون اٹھاتا نہیں تھا، گلف ممالک پاکستان سے بات کرنے کو تیار نہیں تھے، آج وہی گلف ممالک پاکستان کی سپورٹ کیلئے پیکج لارہے ہیں، دنیا کو اب پتا ہے اب پیسہ لوٹا نہیں جائیگا، شہباز شریف آٹے کو 80 روپے سے دوبارہ 40 روپے لیکر آئے ہیں، چینی کی قیمت کو بھی نیچے لیکر آ رہے ہیں، دو ہزارروپے ساڑھے 8 کروڑ لوگوں کو ماہانہ ملیں گے، یہ چھ ماہ کی کارکردگی ہے تو پاکستان چھ ماہ میں کہاں ہو گا۔ مریم نواز نے ملک میں لوڈشیڈنگ ہونے ک اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کو ختم کر دیا تھا، کوئی تو وجہ ہے یہ لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے، انہوں نے وقت پرایل این جی، گیس نہیں منگوائی، یہ اپنی سیاسی دشمنی میں بارودی سرنگیں بچھا کر چلے گئے، مر بھی رہے ہونگے تو ہم جاتے، جاتے پاکستان کا بھلا کر کے جائیں گے، ہائیڈروسے چلنے والے پلانٹس بند پڑے تھے، سرکلر ڈیٹ 2400 ارب تک پہنچ گیا ہے، آئی پی پی پیزکوپیمنٹ نہیں ہوئی، پلانٹس بند پڑے ہیں، خرم دستگیر دن رات محنت کررہے ہیں، ہم ایک مرتبہ پھر لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کرنے آ ئے ہیں۔ سابق چیف جسٹس کا نام لیے بغیر مریم نواز نے کہا کہ ڈیم والے بابا جی نے اپنے بھائی کو فائدہ پہنچانے کیلئے پی کے ایل آئی اسپتال کا بیڑہ غرق کیا۔ عمران خان نے پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) پراجیکٹ پتا نہیں کس کے کہنے پر بند کیا تھا، ہم سی پیک پراجیکٹ کوفعال کر رہے ہیں۔