عمران چھپ کربیٹھے ہیں، ان کا انقلاب کسی خندق میں غرق ،عظمیٰ بخاری

07 جون ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی رہنما عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت چھپ کے بیٹھے ہیں اور ان کا انقلاب اس وقت کسی خندق میں غرق ہے، رہنما پی پی،قادر خان مندو خیل نے کہا کہ ارکان اسمبلی مطالبہ کرتے رہے کہ توشہ خانہ کی تفصیلات پیش کی جائیں مگر نہیں کی گئیں،چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ بھارتی حکومت توہین کے مرتکب افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ چلائے اور حکومتی سطح پر معافی مانگے،سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد نے کہا کہ نیب ترامیم میں چیئرمین نیب کو ہٹانے کا طریقہ کار طے کردیا گیا ہے۔ رہنما ن لیگ، عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان اس وقت چھپ کے بیٹھے ہیں اور ان کا انقلاب اس وقت کسی خندق میں غرق ہے اور قائد انقلاب انقلاب سے بھی بھاگ گئے ہیں۔لوگوں کا انگوٹھی سے بالکل تعلق ہے تین یا پانچ قراط سے قیمت کا بہت فرق ہے۔ تمام برائیوں تمام کرپشن کی جڑعمران خان بذریعہ ان کی اہلیہ اور فرح گوگی ہوتی ہوگی تو بات توکرنا پڑے گی۔وہ آدمی جو ریاست مدینہ کا نام لے رہا تھاجو دوسروں کو چور چور کہتے تھکتا نہیں تھاوہ ان دو خواتین کے ذریعے تالے کھلوا رہا تھااور ان کے ذریعے پیسے لے رہا تھا۔ یہ طریقہ واردات تھا کہ ہیروں کے ذریعے منی لانڈرنگ ہوتی تھی ہیرے لئے جاتے تھے اور پیسے نہیں لئے جاتے تھے اوروہ دبئی میں بیچ کرکہا جاتا تھا کہ ہم نے زیورات بیچے ہیں۔ابھی20 ارب روپے کے ایل این جی اسکینڈل کی کچھ دن پہلے خبر چھپی تھی ان کے اربوں روپے کے اسکینڈلز ہیں ۔ رہنما پی پی پی،قادر خان مندو خیل نے کہا کہ سب سے بڑا ثبوت توشہ خانہ کا ہے ارکان اسمبلی مطالبہ کرتے رہے کہ توشہ خانہ کی تفصیلات پیش کی جائیں مگر نہیں کی گئیں۔وہ اس وجہ سے نہیں لائے کہ وہاں گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف بھی غائب ہے وہاں پر ہار بھی غائب ہے ۔لاہور کے ایک جیولرز کو18کروڑ کا ایک ہار بیچا ہے اس طرح58 تحفے غائب ہیں اگر یہ جھوٹ ہے تو یہ بتا دیں۔مجھے تو یہ بھی معلومات ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایک گاڑی ان کو دی گئی ہے پاکستان لائے نہیں وہیں سے انہوں نے فروخت کردی۔دھندے کی اجازت کون سا قانون دیتا ہے کہ آپ وہاں سے تحفے سستے داموں خریدیں اور بازارمیں مہنگے داموں بیچیں ۔آڈیو عدالت میں بطور ثبوت قابل قبول ہے بشرط یہ کہ فرانزک شدہ ہو۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ بی جے پی ترجمانوں کے توہین رسالت پر عالم اسلام کا جو ردعمل آیا ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، عرب اور اسلامی ممالک نے اس کی مذمت کرنے کے ساتھ انڈین پراڈکٹس اسٹوروں سے باہر پھینک دی ہیں، بھارت میں مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں کے ساتھ ظلم و ستم ہورہا ہے، امت مسلمہ متفق ہے کہ بھارت نے ریڈ لائن کراس کردی ہے، ہندوستانی حکومت توہین کے مرتکب افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ چلائے اور حکومتی سطح پر معافی مانگے۔ علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ توہین رسالت کو عالمی سطح پر قانون سازی کر کے اقوام متحدہ کی سطح پر جرم قرار دیا جائے۔سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد نے کہا کہ نیب ترامیم میں چیئرمین نیب کو ہٹانے کا طریقہ کار طے کردیا گیا ہے، نئی ترمیم کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل چیئرمین نیب کو ہٹاسکتی ہے، پی ٹی آئی نے سابق چیئرمین نیب کو توسیع دی اسے سیاسی رشوت سمجھا جاسکتا ہے، نیب کے پراسیکیوٹر جنرل کی رائے کو ترمیم کے ذریعہ تحقیقاتی اتھارٹی پر لازمی قرار دیدیا گیا ہے، نیب کیلئے یہ ثابت کرنا لازم ہوگیا ہے کہ جس پر الزام لگایا جارہا ہے اس نے آمدنی سے زائد اثاثے بددیانتی یا کرپشن سے بنائے ہیں، نیب پہلے 90دن کا ریمانڈ لیتی تھی لیکن سالہا سال ریفرنسز فائل نہیں ہوتے تھے، ترمیم کے تحت 90دن کا ریمانڈ کم کر کے 14دن کا کردیا ہے، اب 14دن سے زیادہ فزیکل ریمانڈ نہیں ہوسکتا ہے۔ راجا خالد کا کہنا تھا کہ نیب اب نیب آرڈیننس کو اپنے ٹول کے طور پر استعمال نہیں کرسکے گا، حکومت چیئرمین نیب کو اپنے کارندے کے طور پر استعمال کر کے کسی پگڑی نہیں اچھال سکے گی، پچھلے ساڑھے تین سال یکطرفہ احتساب ہوتا رہا ہے، سابق حکومت نے نیب کو اپنے سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کیا۔میزبان منیب فاروق نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کیا زمانہ آگیا ہے کہ پاکستان کی سیاست کے اندر آج کل بات کیا ہورہی ہے انگوٹھی کی وہ پانچ قراط کی ہو یا تین قراط کی ہو۔ کبھی فرح گوگی کی بات ہوتی ہے کبھی سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو کرپشن سے لنک کیا جاتا ہے ۔ کبھی مسلم لیگ ن توپوں کے دہانے عمران خان کی طرف کئے ہوئے ہے کبھی ان کے احتجاج کا مذاق اڑاتے ہیں کبھی ان کے انقلاب کا مذاق اڑاتے ہیں جو عمران خان لانے کے لئے اب بھی اتنے ہی پر عزم ہیں جتنے وہ پہلے تھے لیکن کچھ مسائل عمران خان کے لئے بھی ہیں۔