ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم ملتان پہنچ گئی‘سیریز کا آغاز کل سے ہوگا

07 جون ، 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اسلام آباد سے خصوصی پرواز کے ذریعے ملتان پہنچ گئی اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی نگرانی میں ٹیم کو ہوٹل لایا گیا ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 8جون سے تین میچز پر مشتمل ایک روزہ سیریز کا آغاز ہوگا شدید گرمی ہونے کی وجہ سے ٹیموں کی نائٹ پریکٹس شیڈول کی گئی ہے آج ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ دونوں ٹیموں کے کپتان سیریز میں کامیابی کے حوالے سے پریس کانفرنس کریں گے ۔دبئی سے پاکستان اور ملتان کا سفر کرنے کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے کرکٹرز نے گزشتہ روز ہوٹل میں آ رام کیا طویل سفر کرنے کے باعث آ فیشل نے کرکٹرز کی مشاورت سے پریکٹس سیشن نہ کیا ۔دریں اثنا پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کل کھیلے جانیوالے پہلے ایک روزہ میچ کے لیے تیار کی جانیوالی پچ بیٹسمینوں کے سازگار قرار دی جاری ہے جس کی وجہ ملتان میں پڑنے والی شدید گرمی قرار دی جاری ہے گرمی کی وجہ سے وکٹ کی تیاری کے دوران موجود نمی خشک ہوگی ہے اور پچ پر کسی بھی قسم کا گھاس موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے توقع کی جارہی ہے کہ بیٹسمینوں کو بڑا اسکور کرنے کا موقع ملے گا دریں اثنا پاکستان ٹیم کل سے شروع ہونیوالی ایک روزہ سیریز کے لیے بھرپور تیاری ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کیا کرکٹ ٹیم کی آمدورفت کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔قومی اسکواڈ میں شامل کرکٹرز نے فیلڈنگ ،باولنگ اور بیٹنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔ دریں اثنا پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے تینوں میچزکی ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ میچز کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 300 روپے اور زیادہ سے زیادہ 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیےفاطمہ ٹاؤن، گلگشت کالونی اور کچہری چوک پر موجود موبائل وینز پر بھی ٹکٹیں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔سیریز کےلئے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔ چیف ٹریفک پولیس آفیسر جلیل کامران کے مطابق نواں شہر سے انسٹیویٹ آف کارڈیالوجی اور ڈیرہ اڈہ تک ٹریفک کو بند کر دیا گیا ۔ڈیرہ اڈہ سے نواں شہر تک ٹریفک بند‘ان شاہراہوں سے گزرنے والے شہری کلمہ چوک ، طارق روڈ اور ابدالی روڈ کو استعمال کریں نواں شہر سے گزرنے والی ٹریفک حسن پروانہ روڈ کو استعمال کرے ۔دریں اثنا ون ڈے سیریز کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی طور پر 5211 پولیس افسران و جوان ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں ۔ سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر تمام تر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی خود کررہے ہیں ۔پولیس کے مطابق سٹیڈیم اور روٹس پر 326 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردئے گئے ہیں تین مقامات پر کنٹرول روم بنائے گئے ہیں ۔ مزید برآں جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز پر مشتمل ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹیڈیم کے اطراف میں پیٹرولنگ کرے گی، شائقین کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لازمی رکھنا ہے۔ کسی بھی بینر و پوسٹر یا پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے۔ کرکٹ شائقین کو گراؤنڈ، کھلاڑیوں اور ساتھی تماشائیوں پرکسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے۔