عمران کے فوج اور عدلیہ مخالف بیان کیخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

07 جون ، 2022

اسلام آباد(ایجنسیاں)قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کےعدلیہ ‘ ملکی سلامتی‘پاک فوج اور ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست پاکستان اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائے کیونکہ ان کا یہ بیان پاکستان کی سالمیت، یکجہتی اور ایٹمی پروگرام پر براہ راست اثر انداز ہو رہا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی نے عمران خان کے بیان کے حوالے سے ایک قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں انہوں نے ملکی سلامتی ، پاک فوج اور ایٹمی اثاثوں کے خلاف بات کی ،اراکین اسمبلی نے عمران خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایوان اس امر سے بخوبی واقف ہے کہ نہ صرف پاک فوج اپنی ذمہ داریاں آئین اور قانون کے تحت سرانجام دے رہی ہے بلکہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کی ضامن ہے۔ یہ ایوان بہادر فوج کو ملک کے دفاع کے لئے دی جانے والی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔