وزیر اعظم کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے چینی انوسٹمنٹ پراجیکٹس تشکیل

07 جون ، 2022

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر، نیوز رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی سربراہی میں13 رکنی کابینہ کمیٹی برائے چینی انوسٹمنٹ پراجیکٹس تشکیل دیدی،کمیٹی پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے سمیت دیگر اقدامات کرے گی، ذ رائع کے مطابق سی پیک پراجیکٹس میں تیزی لانے کیلئے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پاکستان میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے منصوبوں اور کمیٹی کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وزیر اعظم نے کسی وفاقی وزیر کو کمیٹی کی سربراہی نہیں دی بلکہ خود کمیٹی کی سربراہی کریں گے ،کمیٹی چینی سرمایہ کاروں کا مختلف حکومتی اداروں کے ساتھ ایشوز تیزی سے حل اور چینی کمپنیوں کے سرمایہ کاری منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی کرے گی جبکہ کمیٹی چینی سرمایہ کاروں کیلئے بہتر کاروباری ماحول بھی مہیا کرے گی،کمیٹی ارکان میں خزانہ،منصوبہ بندی، خارجہ، داخلہ، تجارت، پاور،اقتصادی امور،صنعت و پیداوار، نیشنل فوڈ سیکورٹی،بحری امور،ریلویز و ہوابازی اور سرمایہ کاری کے وفاقی وزراء شامل ہیں،گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر سمیت متعدد وفاقی سیکریٹریز کو خصوصی دعوت پر اجلاسوں میں مدعو کیا جائے گا۔