ملتان میں پاکستان کاپہلا مینگو میوزیم و نباتاتی باغ قائم کرنے کی تجویز

07 جون ، 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ملتان میں پاکستان کاپہلا بین الاقوامی معیار کامینگو میوزیم اور نباتاتی باغ قائم کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی ہے جس سے مینگو سٹی آف پاکستان ملتان کی شناخت برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ یہ تجویز ترقی پسند کاشتکاراور مینگوگروورز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنمازاہد حسین گردیزی نے ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)کے بورڈ آف گورنرز کو پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ ان دونوں منصوبوں پر مرحلہ وارعمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دنیاکے آم پیدا کرنے والے 35ممالک میں سے ہم ان ممالک سے رابطہ کریں گے جنہیں آموں کی پیداوار کے حوالے سے مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ان میں بھارت ، جنوبی افریقہ، کینیا، فلپائن، ملائیشیا، میکسیکو او ر آسٹریلیا کے نام قابل ذکر ہیں۔ ہم ان تمام ممالک سے آموں کے پانچ پانچ پودے منگوائیں گے اور ان پودوںمیں سے جوورائٹیز ہمارے موسم سے مطابقت رکھتی ہوں گی انہیں نباتاتی باغ میں بھی لگایاجائےگا۔ انہوں نے کہاکہ مینگو میوزیم میں بھی پاکستان سمیت دنیا بھر سے آموں کی ورائیٹیز موجودہوں گی اور اگلے مرحلے میں ہم ان ورائٹیز کو اپنے خطے میں بھی متعارف کروائیں گے ۔ا نہوں نے کہاکہ ہمیں اب روایتی طریقوں کی بجائے جدید ٹیکنالوجی اور روابط کو استعمال کرکے آموں کی پیداوار اوربرآمدات میں اضافے کے لیے سنجیدہ لائحہ عمل اختیارکرناہوگا۔