کپاس کی اچھی مینجمنٹ سے فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن

07 جون ، 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) کپاس کی اچھی مینجمنٹ کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے یہ بات ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر زاہد محمود نے کپاس کے کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تربیتی پروگرام برائے بہتر کپاس میں ملتان سے تعلق رکھنے والے دو سو سے زائد کپاس کے کاشتکاروں نے شرکت کی۔مقصد کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کی موجودہ صورتحال کے پیش اقدامات بارے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد کپا س کے کاشتکاروں کے لئے کپاس کوکم خرچ اور آسان کاشت بنانے کے علاوہ ماحول دوست بنانا ہے۔ تربیتی پروگرام کے کاشتکاروں سے ان کا کہنا تھا کہ وہ جتنا ممکن ہو سکے پہلا سپرے تاخیر سے کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے تربیتی شرکاء کو کم پیداواری لاگت اور پیداوار میں اضافے کے لئے لیف ٹیکنالوجی کا استعمال اور افادیت، ہائی ڈینسٹی تجربات کے متعلق کپاس کے کاشتکاروں کو تفصیل سے آگاہی فراہم کی۔ صوبائی کو آرڈینیٹرپنجاب بی سی آئی پروجیکٹ ڈاکٹر فیاض احمد نے کپاس کے تربیتی کاشتکاروں کو زمین و پانی کے تجزیہ کی اہمیت،کپاس کے لئے متوازن کھاد اور پانی کی مناسب ضروریات بارے تفصیل سے بتایا ۔ ڈاکٹر محمد نوید افضل نے تربیتی شرکاء کو کپاس کی کاشت کے لئے زمین کی تیاری، جڑی بوٹیوں کی تلفی کی افادیت کے بارے بتایا۔ ڈاکٹر رابعہ سعید نےتربیتی شرکاء کو کپاس کے کیڑے مکوڑوں کی شناخت، پیسٹ سکاوٹنگ کا طریقہ، اسپرے کرنے کا مناسب وقت اور کیڑے مکوڑوں کو کنٹرول کرنے کی ھکمت عملی بارے آگاہی فراہم کی۔