پانی کی کمی سے زراعت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں،مثالی کاشتکار

07 جون ، 2022

دوکوٹہ(نامہ نگار)نہری پانی کی کمی سے شعبہ زراعت پر گہرے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں کالا باغ سمیت دیگر تمام ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایم این اے و مثالی کاشتکار نواب حیات اللہ خان ترین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پانی کی موجودہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے نہری پانی نہ ہونے سے کپاس دھان مکئی اور چارےکی فصلیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں جبکہ بارشوں کی بھی نمایاں کمی ہے اگر ہمارے سابقہ تمام حکمرانوں نے ڈیموں کی تعمیر پر توجہ دی ہوتی تو آج ملک کا لاکھوں ایکڑ رقبہ بنجر ہونے سے بچ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس کو بچانے کے لیے ملک میں ہنگامی بنیادوں پر ڈیم تعمیر کرنے کی اشد ضرورت ہے نہیں تو ہم زرعی ملک کے باسی ہونے کے باوجود غذائی قلت کا شکار ہوکر رہ جائیں گے۔