حلقہ بندیوں کا کام اگست میں مکمل، اکتوبر میں عام انتخابات کراسکتے ہیں، الیکشن کمیشن

07 جون ، 2022

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اکتوبر تک ملک میں انتخابات کا انعقاد کرا سکتے ہیں،نئی مردم شماری ہونے کی صورت میں نئی حلقہ بندیاں ضروری ہوں گی اور پھر انتخابات اگست 2023 میں ممکن ہوسکیں گے،نظرثانی کے بعدحتمی انتخابی فہرستیں 12 اگست کو شائع کی جائیں گی،شہری 4 جولائی تک ووٹ کی درستگی کراسکتے ہیں،اس وقت جاری حلقہ بندیوں کا کام بھی اگست میں مکمل ہو گا،9 کروڑ 84 لاکھ ووٹرز کی تصدیق ہوگئی ہے، نئی مردم شماری ہونے کی صورت میں نئی حلقہ بندیاں ہونگی ، پھر انتخابات اگست 2023 میں ممکن ہونگے۔پیر کو الیکشن کمیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزاد اور خود مختار آئینی ادارہ ہے،آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کیلئے درست و قابل اعتبار انتخابی فہرستیں ضروری ہیں،الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت صرف عارضی یا مستقل پتہ پر ووٹ درج کیا جا سکتا ہے،کسی تیسرے پتہ پر درج ووٹ اس مرتبہ عارضی یا مستقل پتہ پر درج کئے گئے ہیں،الیکشن کمیشن نے اکتوبر 2021میں انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کا کام شروع کیا،گھر گھر جا کر تصدیقی عمل7نومبر سے31دسمبر تک مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر تصدیقی عمل کے دوران 9 کروڑ 84لاکھ ووٹرز کی عارضی یا مستقل پتہ پر تصدیق ہوئی، اس دوران 40لاکھ افراد کے فوت ہونے کی تصدیق ہوئی،اس دوران 9لاکھ 50ہزار لاکھ ووٹرز کی تصدیق نہیں ہوئی،جن کی تصدیق نہیں ہوئی انہیں مستقل پتہ پر رجسٹرڈ کر لیا گیا۔