سینیٹ ، اپوزیشن کا گیس کی قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج، شور شرابا

07 جون ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ میں اپوزیشن نے گیس کی قیمتوں میں 45فیصد اضافہ کرنے پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد امپورٹڈ حکومت نے معاشی گولہ باری جاری رکھتےہوئے گیس کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں ، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پیر کوانتہائی عوامی اہمیت کے معاملہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی بوسٹر ڈوز ابھی آنی ہے ،عوام کو پکڑ کر آئی ایم یف کے بیلنے میں دے دیا ہے ،موجودہ حکمرانوں کو عمران فوبیا ہوا ہے، عمران کو گرفتار کرنے کی بجائے مہنگائی ، کرپشن، گیس اور پٹرول کی قیمت کو گرفتار کریں، منی لانڈرنگ والوں کو گرفتار کریں ، اس دوران حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے ارکان کھڑے ہو گئے اور بولنا شروع کر دیا ، اپوزیشن لیڈر نے بغیر مائیک کے ہی زور سے بولنا شروع کر دیا، قائد ایوان اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایسے نہیں چلے گا ، اس ایشو پر یہ بات کر چکے، ہائو س کا ماحول خراب نہ کریں،،چیئرمین سینٹ اپوزیشن کو بیٹھنے کیلئے کہتے رہے ، قائد ایوان نے کہا کہ پہلے انگوٹھیوں کا حساب دیں ، فرح گوگی کی کرپشن کا حساب تو دیں ، شہزاد اکبر کے اربوں روپے کا حساب دیں ، یہ کس منہ سے باتیں کرتے ہیں ، اس طرح کیسے ہائوس چلے گا ،اپنی کرپشن کی بات ہوتی ہے تو چیخنا شروع ہو جاتے ہیں ، چیئرمین سینٹ نے اپوزیشن لیڈر سے کہا کہ آپ اپوزیشن لیڈر ہیں آپ نے بات کر لی ہے ،آپ کو احتراماً کچھ نہیں کہا ، ہائوس کو تو چلنے دیں۔