حکومت کا منافع خوروں کیخلاف کریک ڈائون ،کاروبارسیل کرنے کا فیصلہ

07 جون ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئےمنافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی کر کے بھاری جرمانہ اور طویل عرصے تک کاروبار سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے اس سلسلے میں تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت جاری کر دی ہے ، تفصیلات کے مطابق پیر کو چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت صوبے میں ضروری اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سیکریٹری خوراک راجہ خرم شہزاد ، سیکریٹری ایگریکلچر سپلائی ائنڈ پرائیز اعجاز احمد مہیسر سمیت دیگر شریک ہوئے جب کہ حیدرآباد،سکھر، شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ کے کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ منافع خوروں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ طويل عرصے تک کاروبار سیل کیا جائے۔ کمشنر کراچی کو فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں گندم کی کوئی قلت نہیں ہے پھر بھی شہر میں آٹے کی قیمت دیگر شہروں سے زیادہ کیوں ہے۔ ہر صورت کراچی میں آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے۔ آٹے اور گھی کی ذخیرہ اندوزی کی شکایات موصول ہوئی ہیں، اب کمشنر کراچی خود آٹے اور گھی کے ذخیرہ اندوزی کے خلاف کاروائی کریں، کسی بھی مل اور سپر اسٹور میں ذخیرہ اندوزی نہیں ہونی چاہئے۔