رحمت اللعالمین ﷺ و خاتم النبیینﷺ اتھارٹی سمیت 4بل منظور

07 جون ، 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی نے رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی بل 2022ء ، نیشنل ہائی ویز سیفٹی (ترمیمی) بل 2021ء،سرکاری نجی شراکتی اتھارٹی (ترمیمی) بل 2021ءاور ریاستی ملکیتی ادارے (گورننس اینڈ آپریشنز ) بل 2021ء کی منظوری دے دی ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں رحمت للعالمینؐ بل نام کی تبدیلی کے ساتھ متفقہ طور پر منظور کر لیاگیا ، اب اس بل کا نام رحمت للعالمین وخاتم النبیین اتھارٹی بل ہو گا،بل کا دائرہ کار پورے پاکستان پر وسعت پذیر ہوگا اور یہ فی الفور نافذ العمل ہوگا،اتھارٹی کے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم ہونگے اور اس کے ارکان کی تعداد 6ہوگی جن کا تقرر وزیراعظم کرینگے ، علاوہ ازیں اجلاس میں کئی مجالس قائمہ کی رپورٹس پیش کی گئیں۔ایم کیو ایم کے رکن صلاح الدین نے بل کی پارلیمنٹ میں منظوری کو تاریخی اقدام قرار دیا انہوں نے کہا کہ اس بل سے عاشقان رسول ؐ خوش ہونگے اور گستاخانے رسول ؐ مایوس ہونگے ۔