محکمہ تعلیم میں جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں کا معاملہ مزید سنگین

07 جون ، 2022

میرپورخاص ( رپورٹ:محمد خالد) محکمہ تعلیم سندھ میں جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں کا معاملہ مزید سنگین ہوگیا۔میرپورخاص سمیت سندھ بھر میں 800 سےزائد دیگر صوبوں کے امیدوار بھرتی ہونے کا انکشاف کے بعد تمام تقرریاں روک کر بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ میرپورخاص میں محکمہ تعلیم کے سینئر زرائع کے مطابق سندھ بھر میں اب تک حال ہی میں بھرتی کئے گئے دیگر صوبوں کے آٹھ سو ایسے اساتذہ کےنام سامنے آئے ہیں جن کا دوسرے صوبوں سے دستاویزی تعلق سامنے آچکا ہے۔ ان نئے بھرتی کئے گئے اساتذہ میں291پرائمری اور 509جونیئر اسکول ٹیچرز بھرتی شامل ہیں۔ میرپورخاص میں24اور سانگھڑ میں 37دیگر صوبوں کے امیدوار بھرتی ہوئے۔ کراچی ایسٹ میں سب سے زیادہ118بھرتیاں ہوئیں جبکہ سب سے کم ضلع تھرپارکر میں صرف ایک ایسی بھرتی کا کیس سامنے آیا۔ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد محکمہ تعلیم نے تمام تعیناتیاں روک کر تقررنامے معطل کردئے ہیں۔ اب یہ معاملہ سیکرٹری تعلیم کی شکایات کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔ جبکہ سندھ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو تحریری طور پر ان اساتذہ کے ڈومیسائل اور پی آر سی کی تصدیق کے لئے کہا گیا ہے۔