سلمان خان اور والد سلیم کو موصول ہونیوالے دھمکی آمیز خط کا مقدمہ درج

07 جون ، 2022

ممبئی (این این آئی)پنجابی موسیقی کے حوالے سے معروف بھارتی گلوکار اور سیاستداں سدھو موسےوالا کے قتل کے چند روز بعد ہی بولی وڈ سپر اسٹار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو ایک دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ یہ خط سلمان خان کے والد سلیم خان کے گارڈز کو ممبئی کے باندرا بینڈ اسٹینڈ پرومونڈے کی ساحلی پٹی کے قریب اس تفریحی مقام پر ملا، جہاں یہ دونوں باپ بیٹے صبح کی واک کے بعد سستانے کے لیے کچھ دیر بیٹھتے ہیں۔ادھر ممبئی پولیس نے اس گمنام خط کی وصولی کے حوالے سے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب سلمان خان کو اس طرح کی دھمکیاں موصول ہوئی ہوں۔ گینگسٹر لارنس بشنوئی جو سدھو موسےوالا کے قتل کا ذمہ دار ہے وہ سلمان خان کو راجستھان میں قتل کی دھمکی دے چکا ہے۔علاوہ ازیں بولی وڈ کے ʼدبنگʼسلمان خان معروف اداکار سنیل شیٹی کے بیٹے آہان شیٹی کے ساتھ ایک تقریب میں موجود تھے جہاں انہوں نے بتایا کہ ایک بار میں اور سنیل کسی کپڑے کی دکان پر تھے وہاں مجھے شرٹ اور پینٹ بہت پسند آئی لیکن جیب میں اتنے پیسے نہیں تھے کہ خرید سکتا تو ایسے میں سنیل شیٹی یہ دیکھ کرسمجھ گئے اور فوراً خود پیسے ادا کرکے مجھے کپڑے دلائے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سلمان خان یہ قصہ سناتے ہوئے رو پڑے اور آہان شیٹی کو گلے لگایا۔ دبنگ خان نے مزید کہا کہ سنیل مجھے اپنے ساتھ گھر بھی لے گئے جہاں انہوں نے ایک بٹوہ بھی گفٹ کیا۔