مالیاتی ایمرجنسی نہیں، پٹرول قیمتوں میں اضافے سے مالی بحران ختم، مفتاح اسماعیل

07 جون ، 2022

کراچی، اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ فارن کرنسی اکائونٹس ، روشن ڈیجیٹل اکائونٹس یا شہریوں کے پرائیوٹ لاکرز کومنجمد کرنے کا قطعاً کوئی منصوبہ نہیں، اس حوالہ سے سوشل میڈیا پرقیاس آرائیاں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں اور جانبدارانہ حلقوں کی جانب سے آرہی ہیں،ملک میں مالیاتی ایمرجنسی نہیں ہے، پٹرول قیمتوں میں اضافے سے مالی بحران ختم ہوا۔ پیرکوایک پیغام میں وزیرخزانہ نے کہاکہ اس طرح کے اقدامات پر ہم نے کبھی غور بھی نہیں کیا اور نہ ہی کریں گے،یہ قیاس آرائیاں جانبدارانہ حلقوں کی جانب سے آرہی ہیں،وزیراعظم حکومتی اخراجات اورمصارف میں بچت کیلئے کسی مرحلہ پرکفایت شعاری کے اقدامات کا اعلان کریں گے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ مالیاتی ایمرجنسی نافذ نہیں کی جائیگی اورنہ ہی مالیاتی ایمرجنسی ہے،پیٹرول کی قیمت میں دومرتبہ اضافہ کے بعد ہم مالیاتی بحران سے باہرآگئے ہیں، دریںا ثنا پیر کو وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق حکومت پاکستان اور سٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان کے بینکوں میں فارن کرنسی اکاؤنٹس (ایف سی اے)، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس (آ ر ڈی اے) اور سیفٹی ڈیپازٹ لاکرز کو برقرار رکھنے والے تمام اکاؤنٹ ہولڈرز کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے اکاؤنٹس اور لاکرز مکمل طور پر محفوظ ہیں، ان پر کوئی پابندی لگانے کی تجویز زیر غور نہیں ہے۔