عمران کیخلاف ثبوت اکٹھے ہوجائیں گرفتار کرلیں گے، خرم دستگیر

07 جون ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ شان رسالت میں گستاخی انسانی حقوق کی بھی توہین ہے، توہین رسالت کا مقابلہ تحقیق، دلیل اور مغربی زبانوں میں ابلاغ سے کرنا ہوگا، عمران خان کے خلاف ثبوت اکٹھے ہوجائیں گے تو گرفتار کرلیں گے،جن فیڈرز پر خسارہ زیادہ ہے وہاں لوڈشیڈنگ زیادہ ہوتی ہےتیس جون تک لوڈشیڈنگ دو گھنٹے سے بھی کم رہ جائے گی ، ہماری کابینہ میں کوئی آئی پی پی کا مالک نہیں نہ ہی کوئی وزیر مشیر آٹے کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ق لیگ کے رہنما کامل علی آغا بھی شریک تھے۔کامل علی آغا نے کہا کہ توہین رسالت پر مسلمان ممالک کومشترکہ لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے، توہین رسالت پر مسلم امہ نے فوری ردعمل دیا اس کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے،کے الیکٹرک وفاق سے سستی بجلی لے کر عام آدمی کو مہنگی بیچ رہی ہے، پی ٹی آئی کے ایم این اے عطاء اللہ کی دھمکی ایک فرد کے جذبات ہیں،ایک ممبر پارلیمنٹ کو ایسے جذبات کو کنٹرول کرنا چاہئے،ن لیگ والوں کو عمران خان فوبیا ہوگیا ہے، یہ امپورٹڈ حکومت عمران خان سے ڈری ہوئی ہے۔وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ شان رسالت میں گستاخی انسانی حقوق کی بھی توہین ہے، توہین رسالت کا مقابلہ تحقیق، دلیل اور مغربی زبانوں میں ابلاغ سے کرنا ہوگا، مغربی دنیا میں اسلام کیخلاف انتہاپسندی کا رجحان موجود ہے، حکومت اس معاملہ کو اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر اٹھائے گی، وزیراعظم نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو کو ایکشن پلا ن مرتب کرنے کی ہدایت دیدی ہے۔ خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین گھنٹے لوڈشیڈنگ ان فیڈرز کیلئے ہے جہاں بجلی کے بلوں کا خسارہ 30فیصد سے کم ہے، جن فیڈرز پر خسارہ زیادہ ہے وہاں لوڈشیڈنگ زیادہ ہوتی ہے، ملک میں جہاں بھی لوگ بل دے رہے ہیں ان کو ہم بجلی فراہم کریں گے، کے الیکٹرک پرائیویٹ کمپنی ہے لیکن پھر بھی وفاق کراچی کو ایک ہزار میگاواٹ بجلی دیتا ہے،کراچی کو ایک ہزار میگاواٹ بجلی نہ دیں تو ملک میں ایک گھنٹے لوڈشیڈنگ کم ہوسکتی ہے،تیس جون تک لوڈشیڈنگ دو گھنٹے سے بھی کم رہ جائے گی۔