سابق وزیراعظم سمیت کسی کو ایٹمی پروگرام پر گفتگو نہیں کرنی چاہئے، تجزیہ کار

07 جون ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور ڈپٹی چیئرمین نیشنل کمانڈ اتھارٹی جنرل ندیم رضا کے نسٹ میں لیکچر پر جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار ،بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ پاک فوج نیو کلیئر پروگرام پر کسی حالت میں سمجھوتہ نہیں کریگی،سابق وزیراعظم نے بات کی ہے یا کوئی اور آئندہ بات کرے کسی کوایسے حساس معاملے پر گفتگو نہیں کرنی چاہئے ۔دفاعی تجزیہ کار ،لیفٹیننٹ جنرل(ر) غلام مصطفیٰ نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی اتنی معمولی نہیں ہے ہمیں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہئے ۔دفاعی تجزیہ کار ،بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ نسٹ میں دوران لیکچر انہوں نے گفتگو کی مقصد یہ تھا کہ نیو کلیئر اثاثوں اور فوج کے اوپر جو فضول ،غیر ضروری تبادلہ خیال ہوتا ہے اس پر کسی کو بھی کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ یہ اہم اور حساس معاملہ ہے۔ہمارا جو دفاع ہے کم از کم جو ڈیٹرنس ہے ہمارا دشمن انڈیا پاکستان کی طرف نہ دیکھ سکے وہ کوئی ایسی بات نہ کرے اور اس کو ڈر ہو، اس وقت جو ہمارے اسٹریٹجک اثاثے ہیں وہ انڈیا کے مقابلے میں بہتر ہیں۔پھر ہماری میزائل ٹیکنالوجی بہت جدید ہے ہمارے جتنے بھی میزائل ہیں وہ انڈیا سے 100 گنا بہتر ہیں ۔انہوں نے یہ بات بالکل صحیح کی ہے کہ اس کے اوپر تمام قوم کو یکجا ہونا چاہئے۔ ہماری نیشنل کمانڈکنٹرول اتھارٹی اتنی موثر، فول پروف ہے کہ دنیا اس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔اس کے مقابلے میں انڈیا میں کتنی مرتبہ یورینیم فروخت کرتے ہوئے گرفتاریاں ہوئی ہیں۔سابق وزیراعظم کو ایسی بات کرتے ہوئے یہ سوچنا چاہئے کہ اس سے کس طرح انتشار ہوگا کتنے لوگوں کی سوچ تبدیل ہوگی ۔پاکستان کی سرحدوں کی جانب دنیا کی کوئی طاقت نہیں دیکھ سکتی، مسلح افواج کا ایک ایک سپاہی ملک کی حفاظت کے لئے جان قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔