خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ، فی بیرل 119.76 ڈالر کا ہوگیا

07 جون ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں چار فیصد اضافہ، برینٹ کروڈ کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرنے کے بعد 119.76 ڈالر پر بند ہوئی جبکہ امریکی تیل کی قیمت بھی 120 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرنے کے بعد 118.95 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔ تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سعودی عرب کی جانب سے جولائی کے لئے خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ہوا ہے تاہم ایسے خدشات ہیں اوپیک اور تیل پیدا کرنے والے دیگر ممالک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں اضافے کے بعد سپلائی پر گرفت کمزور پڑ جائے گی۔ گزشتہ ہفتے اوپیک اور اس کے اتحادی ممالک جسے اوپیک پلس گروپ کا نام دیا گیا ہے نے جولائی اور اگست میں تیل کی یومیہ پیداوار بڑھا کر 6 لاکھ 48 ہزار بیرل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو طے شدہ اضافے سے پچاس فیصد زائد کا اضافہ ہے۔