عمران خان کو کچھ ہوا تو خودکش حملہ کروں گا، پی ٹی آئی رکن اسمبلی

07 جون ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسی ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عطا اللہ ایڈوکیٹ نے عمران خان کونقصان پہنچنے کی صورت میں خود کش حملے کی دھمکی دے دی۔ عطا اللہ ایڈووکیٹ نے ویڈیو بیان میں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ملک چلانے والے سوچ لیں عمران خان کو کچھ ہوا تو نہ آپ رہیں گے نہ آپ کے بچے۔سب سے پہلے میں آپ پرخود کش حملہ کروں گا اورچھوڑوں گا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے بال کو بھی نقصان پہنچا تو سب سے پہلے میں خود کش حملہ کروں گا اورایسے ہزاروں کارکن تیار ہیں۔ اس سے قبل کوہاٹ میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ خودکشی حرام نہ ہوتی تو اپنے جسم پر بارود باندھ کر پارلیمنٹ کے سب منافقین کو اڑا دیتا، تاکہ ان کی بنیاد ہی ختم ہوجائے جو ملک کا سودا کرتے ہیں۔ شہر یار آفریدی نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ تمام چینل یہ چلائیں۔ان سے قبل سابق وفاقی وزیر غلام سرورخان نے بھی خودکش حملے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ راولپنڈی کے حلقے این اے 59 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ جہاں سارے ملک اور دین کے دشمن بیٹھے ہوں خودکش دھماکا کروں۔انہوں نے کہا تھا کہ خود کش دھماکے سے ملک اور دین کے دشمنوں کو نیست و نابود کردوں، میری تو یہ سوچ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر حکومت نے عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی پورے پاکستان سے سخت ردعمل آئے گا۔