پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم ڈی جی ہوٹا کے عہدے سے مستعفی

07 جون ، 2022

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم نے ڈائریکٹر جنرل ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔انہوں نے استعفیٰ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں جمع کرانے کے بعد کہا ہے کہ ڈی جی ہوٹا بن کر اپنے مریضوں اور طلباء سے دور ہو گیا تھا جو میرے لئے تکلیف کا باعث تھا ، استعفے کی اور کوئی وجہ نہیں۔ پروفیسر محمود ایاز نے پروفیسر اسد اسلم کی بطور ڈی جی ہوٹا تعیناتی کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا تھا جس پر عدالت نے ڈاکٹر اسد اسلم کو ہٹا کر میرٹ لسٹ میں پہلے نمبر پر موجود پروفیسر محمود ایاز کو تعینات کرنے کا حکم دیا تھا ۔ پروفیسر اسد اسلم نے اس فیصلے کے خلاف انٹر ا کورٹ اپیل کی تو ڈبل بینچ نے انہیں عہدے پر بحال کرنے کا حکم دیا تھا ۔ جنگ کے رابطہ کرنے پرپروفیسر اسد اسلم نے کہا میں نے زندگی کے 43سال میو ہسپتال اور کنگ ایڈووڈ میڈیکل یونیورسٹی میں مریضوں کے علاج معالجے اور طلباء کو پڑھانے میں صرف کئے، یہی میری زندگی کا کل اثاثہ ہے ۔ڈی جی ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کا عہدہ سنبھالنے کےبعد سے میں اپنے مریضوں اور طلباء سے دور ہو گیا تھا جو میرے لئے تکلیف کا باعث تھا ، استعفے کی کوئی اور وجہ نہیں ، دکھی انسانیت کی خدمت جاری رکھوں گا ۔