ڈالر 2.25روپے اضافے کے ساتھ 200روپے سے بڑھ گیا

07 جون ، 2022

راولپنڈی(جنگ نیوز)انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر2روپے سے زائد اضافے کے بعد ایک بار پھر 200روپے کی سطح عبور کر گیا۔معاشی تجزیہ کاروں نے پیش گوئی کی ہے کہ تیل کی ادائیگیوں اور دیگر درآمدات کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی جاری رہے گی جبکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات ابھی حتمی ہونا باقی ہیں۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق ڈالر 200.40 روپے کی سطح پر پہنچ گیا جو گزشتہ روز 198.15 روپے پر بند ہوا تھا۔اوپن مارکیٹ میں دوپہر تک ڈالر کی قیمت 200 روپے تک پہنچ چکی تھی۔ میٹس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے مزید وضاحت کی کہ آئی ایم ایف اور دیگر دوطرفہ معاہدوں سے آنے والی غیر یقینی کی صورتحال کے درمیان بیرونی قرضوں کی ادائیگی اور درآمدات کی وجہ سے ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی واقع ہوئی ہے۔