مضبوط موقف اختیار کرکے صوبے کے حقوق کا کامیاب دفاع کیا، قدوس بزنجو

07 جون ، 2022

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم نے متفقہ طور پرمضبوط موقف اختیار کرتے ہوئے صوبے کے حقوق کا کامیاب دفاع کیا جس کیلئے صوبائی کابینہ کے اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے ریکوڈک سمیت تمام اہم امور پر سب کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی اپنائی ہے جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں آئندہ بھی تمام اہم امور پر اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریکوڈک ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا سرمایہ کار منصوبہ ہے جس کے ذریعے 8ارب روپے کی بیرونی سرمایہ کاری آئے گی ہم نے ریکوڈک معاہدے میں بلوچستان کے مفادات کا کامیاب تحفظ کیا ہے اور بغیر کسی سرمایہ کاری کے منافع میں 25فیصد کے شراکت دار ہیں جبکہ صوبے کے تمام ٹیکس بھی نافذ العمل ہیں جبکہ ہم سے پہلے منافع میں 10فیصد حصے پر معاہدہ کرنے کی تیاری کی جارہی تھی وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریکوڈک ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے اور ہم نے معاہدے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو بہر صورت پورا کرنا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بھی معاہدے پر من وعن عملدرآمد کیلئے ایک میکنزم بنائے گی انہوں نے کہا کہ ریکوڈک معاہدہ ہماری آنے والی نسلوں کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہوگا۔