بھارت اپنی عزت کھو چکا ، خارجہ پالیسی تباہ ہو چکی ،اسدالدین اویسی

07 جون ، 2022

نئی دہلی (اے پی پی)آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین(اے آئی ایم آئی ایم)کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بی جے پی کی ترجمان نپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کیاہے جن کے گستاخانہ بیان پر پورے عالم اسلام میں شدید غم و غصہ پایاجاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسدالدین اویسی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت اپنی عزت کھو چکا ہے اورملک کی خارجہ پالیسی تباہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں صرف معطلی کا نہیں بلکہ نپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کرتا ہوں ۔بھارتی وزارت خارجہ کو بھی تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ بی جے پی کا حصہ بن چکی اور اپنے ترجمانوں کو اشتعال انگیز بیانات دینے کے لیے بھیجتی ہے۔