لودھراں ‘رفیع الدین بخاری بھی پارٹی سے راہیں جدا کرنے کیلئے تیار‘ آزاد حیثیت میں کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے

07 جون ، 2022

لودھراں(نمائندہ جنگ) لودھراں میں مسلم لیگ ن کے لیے خطرے کی ایک اور گھنٹی بج گئی،ضمنی الیکشن میں سید اقبال شاہ اور عامر اقبال کے بعد رفیع الدین بخاری بھی پارٹی سے راہیں جدا کرنے کے لیے تیار آزاد حیثیت میں پی پی 228 سے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ،لودھراں کے حلقہ پی پی 228 لودھراں 5 کے 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے سید محمد رفیع الدین بخاری نے ریٹرننگ آفیسر عدنان ظفر کو آزاد حیثیت میں کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے رفیع الدین بخاری مسلم لیگ ن کے پی پی 227 سے رکن پنجاب اسمبلی صدیق خان بلوچ کے صاحبزادوں زبیر خان بلوچ اورعمیر خان بلوچ میاں محمد امیر جھنڈیر ، میاں ذیشان جھنڈیر ، عدنان خان جوئیہ ، ڈاکٹر سید جعفر رضاسمیت الیکشن کمیشن آفس پہنچے اور کاغذات نامزدگی جمع کروائے سید رفیع الدین بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک وہ مسلم لیگ ن میں ہیں اورضمنی الیکشن میں کاغذات نامزدگی آزاد حیثیت میں جمع کروائے ہیں۔