ملتان،کرکٹ ٹیم کی آمد سے ایک گھنٹے قبل روڈ بند، شہری رل گئے

07 جون ، 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر) مقامی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پاکستان کرکٹ ٹیم کی ہوٹل آمد سے ایک گھنٹہ قبل ہی روڈ بند کر دینے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کیا ہے۔گزشتہ رات پاکستان کرکٹ ٹیم جب سٹیڈیم سے پریکٹس سیشن مکمل کر کے واپس ہوٹل کے لئے روانہ ہونے لگی تو انتظامیہ کی جانب سے ایک گھنٹہ قبل ہی روڈ بلاک کر دیئے گئے جس سے شدید گرمی میں شہریوں کا برا حال ہو گیا اور بعض گاڑیوں کے پٹرول بھی ختم ہو گئے۔اس صورتحال پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ شہر میں وی آئی پی موومنٹ کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے اور سکیورٹی کے نام پر ہزاروں افراد کو ذلیل کیا جاتا ہے اور کوئی بھی ادارہ یہ ذمہ داری لینے کو بھی تیار نہیں ہوتا۔شہر میں 12جون تک کرکٹ ٹیمیں موجود ہیں اور اس دوران سکیورٹی کے نام پر شہریوں کو اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہونا پڑے گا۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیموں کی آمدورفت پر چند منٹوں کے لئے روڈ بلاک کئے جائیں تاکہ شہری اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔