پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں گستاخی بھارتی شدت پسند مہم کا حصہ ہے،او آئی سی

07 جون ، 2022

اسلام آباد(جنگ نیوز)اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) نے انڈیا کی حکمراں جماعت کے عہدیدار کی جانب سے پیغمبر اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کی ہے ۔او آئی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’بی جے پی کے عہدیدار نے پیغمبر اسلام کی شان میں جو گستاخی کی ہے وہ انڈیا میں اسلام کے خلاف نفرت اور اسے بدنام کرنے والی شدت پذیر مہم کا ایک حصہ ہے‘ بیان میں کہا گیا کہ ’انڈین مسلمانوں کے خلاف منصوبہ بند اقدامات کیے جارہے ہیں۔ متعدد صوبوں کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی، مسلمانوں کی املاک منہدم کرنے والے اقدامات اور ان پر بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کے سلسلے کی کڑی ہے‘۔او آئی سی نے انڈین حکام سے کہا کہ ’وہ اسلام کے خلاف ہر طرح کی ہرزہ سرائی اور توہین آمیز اقدامات کا سختی سے نوٹس لیں۔ اشتعال پھیلانے والوں اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے اور تشدد کے جرائم کرنے والوں کو عدالت میں پیش کریں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کا احتساب کیا جائے۔او آئی سی نےانڈین حکام سے یہ بھی کہا کہ ’وہ مسلمانوں کے حقوق اور ان کی مذہبی و ثقافتی شناخت، ان کے وقار اور ان کی عبادتگاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں‘۔ اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ’ وہ انڈین مسلمانوں کے خلاف تشدد بند کرانے کے لیے ضروری اقدامات اور انسانی حقوق کونسل خصوصی کارروائی کرے۔