بھارت کو معلومات کی فراہمی، ایم کیو ایم لندن کے 3کارکنان کی ضمانت مسترد

07 جون ، 2022

کراچی(این این آئی)بھارتی خفیہ ایجنسی را کو معلومات کی فراہمی کے کیس میں عدالت نے ایم کیو ایم لندن کے3کارکنان کی ضمانت مسترد کر دی۔ پیرکو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بھارتی ایجنسی را کو خفیہ معلومات دینے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے 3 کارکنان کی ضمانت مسترد کر دی۔ملزمان میں شاہد عرف متحدہ، عادل انصاری، سراج احمد خان شامل ہیں، اس مقدمے میں ماجد خان اور آصف صدیقی بھی گرفتار ہیں، جب کہ عدالت قمر منصور کے بھائی محمد محمود غفور سمیت 3 ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔دیگر مفرور ملزمان میں محمد سفیان اور محمد یاسین شامل ہیں، جب کہ مقدمے میں ظفر ٹینشن حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر چکا ہے، اس مقدمے میں مجموعی طور پر 11 ملزمان گرفتار، 3 مفرور ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پاکستان میں خفیہ سلیپر سیل اور ای میل چلا رہے تھے، ایم کیو ایم لندن کے محمد محمود غفور کو را نے کوڈ آئی ڈی فراہم کی، جو مفرور ملزم نے گرفتار ملزمان کو فراہم کی، ملزمان پاکستان کی خفیہ معلومات بھارت کو فراہم کرتے تھے۔ایف آئی اے کے مطابق محمد محمود غفور را کے فنڈ کو پاکستان کے مختلف بینکوں میں محفوظ کرتا تھا، وہ ایم کیو ایم لندن کے کارکنان کو تربیت کے لیے بھی بھارت بھیجتا تھا۔واضح رہے کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔